جنگل میں وہیل مچھلی کی موجودگی سے سائنسدان بھی پریشان

Last Updated On 01 March,2019 02:25 pm

ساؤپالو: (روزنامہ دنیا) ہمپ بیک وہیل دریائے ایمازون کے جزیرے ماراجو کے جنگلات میں دریافت کی گئی اور سائنسدان یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر ایک مچھلی سمندر سے اتنی دور اور وہ بھی جنگل کے اندر کیسے پہنچ گئی یا وہ ساحل سے دور کیسے ہو گئی۔

مقامی محکمہ صحت، نکاسی آب اور ماحولیات کے مطابق انہیں 11 میٹر لمبی وہیل مچھلی اس وقت ملی جب پرندوں کی بڑی تعداد اس کے ڈھانچے پر ضیافت کیلئے اکھٹی ہو گئی۔ 

برازیل کے بحری حیات کے ماہرین نے مچھلی کا معائنہ کیا، ان کے بقول وہ کئی دن پہلے مرچکی تھی اور ممکنہ طور پرکم عمر تھی جو اپنی ماں سے الگ ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اب تک یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ یہ آخر یہاں تک کیسے پہنچ گئی مگر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ ساحل کے قریب تیر رہی ہو گی اور تند و تیز لہروں کے نتیجے میں وہ ان جنگلات میں آ گری۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی حیرت انگیز ہے اور ہم اب تک الجھن کا شکار ہیں کہ برازیل کی شمالی ساحلی پٹی پر ایک ہمپ بیک وہیل کیا کر رہی تھی کیونکہ یہ انتہائی غیرمعمولی ہے۔