ایڈنبرگ: (روزنامہ دنیا) ذرا سوچیں کہ آپ نے کراچی سے دبئی جانا ہو مگر ہوائی پرواز آپ کو مخالف سمت پر چین یا جاپان پہنچا دے تو پھر کیا ہو گا؟
ایسا ناقابل یقین کارنامہ برٹش ائیرویز نے کر دکھایا جس کی ایک پرواز کو لندن سے جرمن شہر ڈسلڈورف جانا تھا مگر وہ وہاں کے بجائے 525 میل دور سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرگ پہنچ گئی۔
برٹش ائیرویز نے اس پر اپنے بیان میں بتایا کہ ایسی غلطی اس وقت ہوئی جب غلط فلائٹ پیپرورک کو جمع کرا دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مسافروں کو جرمنی کے بجائے کسی اور ملک پہنچنے کا علم اس وقت ہوا جب طیارے میں یہ اعلان کیا گیا کہ طیارہ ایڈنبرگ میں لینڈ کر رہا ہے۔
فضائی کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہم مسافروں سے ان کے سفر میں ہونے والی مداخلت پر معذرت کرتے ہیں اور ان سے انفرادی طور پر رابطہ کریں گے۔ جرمن کمپنی ڈبلیو ڈی ایل ایوی ایشن برٹش ائیرویز کیلئے اس پرواز کو چلا رہی تھی اور اب برطانوی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ڈبلیو ڈی ایل کے ساتھ مل کر یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ پرواز کے روٹ میں یہ غلطی کیسے ہو گئی۔