امریکا: پارک میں جنگلی بھینسے نے9 سالہ لڑکی کو ٹکر مار دی، ویڈیو وائرل

Last Updated On 25 July,2019 05:14 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے نیشنل پارک میں جنگلی بھینسا بے قابو ہو گیا۔ 9 سالہ لڑکی ٹکر لگنے سے کئی فٹ دور جا گری۔

 

اس واقعہ کے بعد بہت سارے لوگ شدید تنقید کر رہے ہیں کیونکہ حالیہ عرصے کے دوران بہت سے لوگ پارکوں میں جا کر سیلفی کے جنون میں خطرناک جانوروں کےساتھ تصویریں بنواتے ہیں، سیلفی کے جنون میں متعدد لوگ اپنی جان سے ہاتھ بھی دھو بیٹھے ہیں۔

 

برطانوی میڈیا کے مطابق بچی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نیشنل پارک میں تفریح کے لیے آئی تھی وہاں جنگلی بھینسا بے قابو ہو گیا اور بچی کو ٹکر مار دی جس کے بعد بچی تھوڑی دور جا گری، ٹکر اتنی زور دار تھی کہ بچی ہوا میں کچھ سکینڈ رہی، زخمی ہونے والی بچی کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

امریکی شہر فلوریڈا کے علاقے موناٹا میں یلو سٹون نیشنل پارک میں یہ واقعہ پیش آیا، بھینسے کی طرف سے جب بچی کو زور دار ٹکر ماری اس وقت قریب ہی موجود لوگوں نے ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھینسے کے آنے سے قبل دیگر لوگ بھی بھاگ رہے ہیں تاہم بھینسے نے بچی کو نشانہ بنایا۔ ابھی تک بچی کا نام موصول نہیں ہو سکا تاہم پارک حکام نے اُسے طبی امداد کیلئے فوری ہسپتال منتقل کر دیا، بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

یلو سٹون حکام نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہم اس بات کی تفتیش کریں گے کہ بار بار منع کرنے کے باوجود وہاں لوگ جانوروں کے پاس صرف 5 سے 10 فٹ قریب کیوں تھے۔ حالانکہ پارک حکام نے پارک میں شہریوں کو متنبہ کیا ہوا ہے کہ جانوروں سے تقریباً 25 یارڈز دور رہیں۔

ویڈیو بنانے والوں میں ایک 18 سالہ لڑکی ہیلے ڈیٹن کا کہنا ہے کہ میں اپنے گھر والوں کے ساتھ یہاں تفریح کے لیے آئی تھی، میں نے دیکھا بھینسا کچھ لوگوں کے پیچھے بھاگ رہا ہے، میں نے فوراً اپنے موبائل سے ویڈیو بنائی۔ ٹکر مارنے سے قبل بھینسا کچھ کھا رہا تھا اس دوران وہ بپھر گیا۔