دلہن کے ’جوڑے’ کی قیمت 2 ارب 31 کروڑ روپے

Last Updated On 01 February,2020 08:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں شادیوں کی تقریبات کو منفرد بنانے کے لیے دلہے اور دلہن والے لگژری ترین اشیاء خریدتے ہیں اور کچھ لوگ شادی تقریبات کو امیر ہونے کے باوجود سادگی انداز اپناتے ہوئے کرتے ہیں، تاہم ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، یہ خبر فرانس سے آئی ہے، جہاں پر ایک دلہن کے عروسی جوڑے کی قیمت تقریباً 2 ارب 31 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جب دُلہن کے عروسی لباس کی بات کی جائے تو دنیا کے معروف ڈیزائنرز ان لباس کو خاص سے خاص تر بنانے کے لیے ہمیشہ ہی کوشاں ہوتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ایسے عروسی لباس کے بارے میں بتانے والے ہیں جس کی قیمت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے جب کہ اس عروسی لباس کی نمائش فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کی گئی جسے دنیا کا تیسرا مہنگا ترین عروسی لباس قرار دیا گیاہے۔

اس مہنگے ترین عروسی لباس کی قیمت 2 ارب 31 کروڑ روپے مالیت ہے اور اس برائیڈل گاؤن کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سینکڑوں ہیرے اور قیمتی پتھر جَڑے ہوئے ہیں۔

آنکھوں کو خیرہ کر دینے والے اس عروسی گاؤن کو مصری ڈیزائنر ہانی البہیری نے پیرس میں اورینٹل فیشن شو کے دوران پیش کیا۔

سرمئی جالی دار ریشمی آرگنزا سے بنائے گئے اس لباس کی تیاری پر 800 گھنٹے صَرف ہوئے جبکہ اس گاؤن کا آرڈر ایک امیر مصری فیملی نے دیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا کا سب سے مہنگا ترین لباس "نائٹ انگیل آف کوالا لمپور" ملائیشیا کے ڈیزائنر نے 2009 میں تیار کیا تھا جس کی قیمت 4 ارب 63 کروڑ روپے تھی۔ اس مہنگے ترین لباس میں 751 ہیرے اور قیمتی پتھر جَڑے تھے جن کا مجموعی وزن 1100 قیراط تھا۔

دوسری جانب دنیا کا دوسرا مہنگا ترین لباس عبایا ڈریس برطانوی ڈیزائنر نے 2013 میں بنایا تھا جس کی قیمت 2 ارب 73 کروڑ روپے تھی۔
 

Advertisement