انڈے کے چھلکے پر 12 ہزار سوراخ کرنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم

Last Updated On 03 February,2020 03:52 pm

انقرہ: (روزنامہ دنیا) ترکی کے معروف آرٹسٹ نے انڈے کے چھلکے پر 12 ہزار سوراخ کر کے ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 62 سالہ ترکش آرٹسٹ ہیمت ہیران 1988 میں ایک حادثے کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث وہ معذور ہو گئے۔ ہیمت ہیران نے معذورہونے کے دو سال بعد 1990 میں انڈوں کے چھلکوں پر نقش نگاری کرنا شروع کردی۔ 

ترکش میڈیا کا کہنا تھا کہ معذوری کے بعد ان کا سارا وقت انڈوں کے چھلکوں میں سوراخ کرنے میں صرف ہوتا تھا۔ ترکش آرٹسٹ نے بتایا کہ سب سے پہلے میں ساڑھے 7 ہزار سوراخ کر کے ایک پاکستانی فنکار کا ریکارڈ توڑا تھا جس کے بعد میں اپنے ہی بنائے ہوئے ریکارڈ کو دو مرتبہ بہتربنایا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنا پہلا ریکارڈ 8 ہزار 708 سوراخ کرکے توڑا جبکہ دوسرا ریکارڈ انڈے کے چھلکے میں 11 ہزار 827 سوراخ کرکے توڑا تھا اور اب میں نے اپنا تیسرا ریکارڈ توڑا ہے اور انڈے کے چھلکے میں 12ہزار سوراخ کئے ہیں۔

ہیمت ہیران ورلڈ ایگ کارونگ آرٹ انسائیکلوپیڈیا کے پہلے ترک باشندے ہیں جب کہ یہ ورلڈ ایگ کارونگ آرٹ فاؤنڈیشن کے بھی ممبر ہیں،ان کے فن پاروں کی سوشل میڈیا پر دھوم مچی ہوئی ہے۔