لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جو سب کو ششدر کر ڈالتی ہیں، اسی طرح کی ایک خبر برطانیہ سے آئی ہے جہاں پر ایک شخص نے دلہن کیساتھ شادی کرنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ یہ تھی کہ ان کی دلہن بہت زیادہ موٹی ہو گئی ہے لیکن اب اسی موٹی لڑکی نے ایسا کارنامہ کر دکھایا ہے کہ وہ شخص تمام عمر پچھتاتا رہے گا۔
دی مرر کے مطابق اس لڑکی کا نام جین ایٹکن ہے جس کی تین سال قبل شادی ہونے والی تھی لیکن شادی سے چند دن قبل اس کے دولہا نے اس کے موٹاپے کی وجہ سے شادی سے انکار کردیا۔ اس کے بعد جین نے وزن کم کرنے کی ٹھان لی اور وزن کم کرنے کے بعد اس نے ’مس برطانیہ‘ کاٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق السیبے کی رہائشی 26 سالہ جین کا وزن ایک وقت میں 108کلوگرام تک جا پہنچا تھا۔ یہ وہی وقت تھا جب اس کے دولہا نے شادی سے انکار کیا۔
اس کے بعد جین وزن کم کرنے لیے پرعزم ہوئی اور اب اس کا وزن صرف 57 کلوگرام ہے۔ وزن کم کرنے اور سلم سمارٹ ہونے کے بعد جین نے مس انگلینڈ کے مقابلے میں حصہ لیا جس میں وہ رنر اپ رہی۔ رواں سال اس نے مس برطانیہ کے مقابلے میں حصہ لیا اور فاتح قرار پائی۔ یہ مقابلہ گزشتہ ہفتے ہوا جس میں مس برطانیہ کا تاج جین کے سر پر سجایا گیا۔
مقابلہ جیتنے کے بعد جین کا کہنا تھا کہ مجھے اب تک اپنی جیت کا یقین نہیں ہو رہا۔ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنی خوشی بیان کر سکوں۔ سچی بات یہ ہے کہ مجھے یقین ہی نہیں ہو رہا۔میں نے محض مشغلے کے طور پر حسن کے مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا تھا اور سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ میں مس برطانیہ بن جاﺅں گی۔اپنی فتح پر میں صرف اتنا کہوں گی کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی