وینٹی لیٹر پر بچے کو جنم دینے والی امریکی خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دیدی

Last Updated On 17 April,2020 07:04 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) نیو یارک میں وینٹی لیٹر پر بچے کو جنم دینے والی خاتون نے کورونا وائرس کوشکست دیدی ہے جس کے بعد انہوں اپنے نومولود کو پہلی بار گلے لگایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کوروناوائرس نے اپنے خوفناک پنجے گاڑے ہیں جبکہ اس وقت امریکا سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہیں جہاں پر صرف نیو یارک میں اس وباء کے باعث 16 ہزار افراد ہلاک چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں 33 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ تاہم نیو یارک سے ایک حوصلہ افزا خبر آئی ہے جہاں پر ایک خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دیدی ہے اور وینٹی لیٹر پر بچے کو جنم دینے کے بعد پہلی بار اسے گلے لگایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 99 سالہ خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دیدی

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بچے کو سی سیکشن (آپریشن) کے ذریعے جنم دینے کے وقت متاثرہ خاتون وینٹیلیٹر پر تھیں، اس دوران حالت خراب ہونے پر ڈاکٹروں نے ان کو مصنوعی کومے پر بھی رکھا تھا۔

اے ایف پی کے مطابق کئی روز وینٹلیٹر پر رہنے کے بعد 36 سالہ یانیرہ سوناریو صحت یاب ہونے کے بعد پہلی دفعہ اپنے بچے سے ملی ہیں۔انہوں نے وینٹی لیٹر پر 12 روز گزارے۔

یہ بھی پڑھیں: 107 سال کی بزرگ خاتون اور 101 سالہ معمر شخص نے کورونا وائرس کو شکست دیدی

ساؤتھ سائیڈ ہسپتال میں خاتون کے معالج ڈاکٹر بینجمن شوارٹز کے مطابق ہمیں معلوم نہیں تھا کہ یہ خاتون بچ جائیں گی۔وینٹیلیٹر پر رکھے جانے والے زیادہ تر مریض بچ نہیں پاتے۔ یانیرہ سوناریو کے شوہر بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ یانیرہ سوناریو آٹھ مہینے کی حاملہ تھیں جب وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ان کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تاہم ان کی حالت بگڑنے پر ان کو وینٹیلیٹر پر رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی سے اچھی خبر، 6 ماہ کی بچی اور 102 سالہ خاتون نے کورونا کو شکست دیدی

ڈاکٹروں کے مطابق آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بچے کی جان کو خطرہ تھا اور خاتون سے مشورے کے بعد ان کو آرٹیفیشل کوما میں رکھنے سے پہلے ان کا سی سیکشن کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر بینجمن شوارٹز کا کہنا تھا کہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچے کی صحت بہتر ہے۔ ایسی مثالیں بہت کم ہیں کہ پیدا ہونے والے بچے بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ یانیرہ سوناریو کا بچہ اس سے محفوظ ہے۔