ابوجا: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ خبریں ایسی چونکا دینے والی ہوتی ہیں جن پر فوری طور پر یقین کرنا مشکلات ہو جاتا ہے تاہم ایسی ہی ایک خبر نائیجیریا سے آئی ہے جہاں پر 68 سالہ معمر خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دیاہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق 4 بار آئی وی ایف طریقہ علاج کے بعد خاتون کے ہاں بیٹے اور بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مارگاریٹ اڈینگا ماضی میں تین مرتبہ آئی وی ایف کا عمل کروا چکی ہیں جو کہ ناکام رہے، تاہم چوتھی بار عمل کامیاب ہوا اور انہیں اور 77 سالہ شوہر نوح اڈینوگا کو جڑواں بچے ہونے کی خوشی نصیب ہوئی۔
نوح اڈینوگا نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری اور مارگاریٹ کی 1974ء میں شادی ہوئی تھی اور یہ دونوں ہمیشہ سے چاہتے تھے کہ ان کی اپنی اولاد ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئی وی ایف کے عمل کی ناکامی کے بعد بھی ان دونوں نے ہمت نہیں ہاری۔میں بہت زیادہ خواب دیکھتا ہوں اور مجھے یقین تھا کہ ایک دن ہمارا یہ خواب ضرور پورا ہوگا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بچوں کی پیدائش آپریشن سے ہوئی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس عمر میں مارگاریٹ کے ہاں بچوں کی پیدائش حیران کن ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھارت سے تعلق رکھنے والی 73 سالہ خاتون نے آئی وی ایف کے عمل کے بعد دو جڑواں بچیوں کو جنم دیا تھا، بڑی عمر میں بچوں کی پیدائش کا ریکارڈ بھی ان ہی کے نام ہے۔