نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر سسرال پہنچتے ہی دلہن نے دلہا کو تھپڑ مار دیا۔
تفصیلات کے مطابق شادی کے کچھ عرصے بعد میاں بیوی کے مابین لڑائی جھگڑے تو معمول سی بات ہے لیکن سسرال پہنچتے ہی شوہر کو تھپڑ مار کر واپس میکے آجانا غیر معمولی بلکہ کسی بھی لڑکی کے لیے ناممکن سا عمل ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر جونپورسے تعلق رکھنے والی لڑکی نے سسرال پہنچتے ہی شوہر کو تھپڑ مارا اور پھر میکے واپس آگئی۔
دلہن کا دلہے کو تھپڑ مارنے کا واقعہ جونپور کے لواین گاؤں میں پیش آیا جہاں دلہن نے سسرال پہنچ کر گاڑی سے اترتے ہی دولہا کو تھپڑ مارا اور پھر اپنا عروسی لباس تبدیل کرکے واپس میکے چلی گئی۔
دلہن کے سسرال پہنچتے ہی دلہا کو تھپڑ مارنے اور پھر واپس میکے آجانے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، سسرال والوں سے جب یہ معاملہ حل نہ ہوسکا تو پولیس کو اطلاع دی گئی لیکن پولیس بھی معاملے کو سلجھا نہ سکی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہےکہ دلہن کو شادی کے روز ہی دلہا کے کسی اور لڑکی کے ساتھ معاشقے کا علم ہوا جس پر اس نے رد عمل کا اظہار کیا۔