نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، جہاں پر ایک شخص کو زندہ ہونے کے باوجود ڈیتھ سرٹیفکیٹ وصول کرنے کے لیے طلب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا میں ایسے کئی کیسز سامنے آتے رہے ہیں جب ڈاکٹر کی جانب سے مردہ قرار دیے جانے کے بعد مریض کی سانسیں بحال ہوگئی ہوں لیکن کیاکبھی آپ نے تصور کیا ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے آپ کو مردہ سرٹیفکیٹ لینے کے لیے کال موصول ہوجائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو زندہ ہونے کے باوجود ڈیتھ سرٹیفکیٹ وصول کرنے کے لیے کال موصول ہوئی۔
Maharashtra: Thane man receives a call from civic body to collect his death certificate
— ANI (@ANI) July 1, 2021
"I received a call from Thane Municipal Corporation to collect my death certificate," Chandrashekhar Desai said pic.twitter.com/i9KX3ndhfx
چندرا شیکھر دیسائی نامی شہری نے دعویٰ کیا کہ انہیں اپنے شہر کے میونسپل آفس سے اپنا ہی ڈیٹھ سرٹیفکیٹ وصول کرنے کی کال موصول ہوئی تاہم جب شہری کی جانب سے اس کال کو منظر عام پر لایا گیا تو میونسپل آفس انتظامیہ نے اعتراف کیاکہ یہ ایک تکنیکی غلطی ہے اور یقین دہانی کروائی گئی کہ کال کرنے سے پہلے تصدیق کی جائے گی۔
میونسپل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں فہرست پونے کے آفس سے موصول ہوتی ہے چونکہ وہ یہ فہرست تیار نہیں کرتے اس لیے ایک فنی خرابی کی صورت مذکورہ شہری کا نام فہرست میں شامل ہوا۔
انتظامیہ کے مطابق ٹیم کو فہرست کی تصدیق کے لیے ہدایت کی جاچکی ہے اس کے بعد ہی لوگوں کو ڈیٹھ سرٹیفکیٹ کے لیے کال کی جائے گی۔