نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں فرائز کی پلیٹ اتنی مہنگی ہیں کہ قیمت میں بہترین بریانی کی تین دیگیں بناسکتے ہیں۔ فرائز کی پلیٹ کی قیمت 200 ڈالر رکھی گئی ہے جو 32 ہزار پاکستانی روپے بنتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریستوران، سرینڈیپٹی تھری نے 200 ڈالر کی فرنچ فرائز پیش کرکے گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ کا دسواں اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ اس طرح یہ دنیا کی سب سے مہنگی فرائیز کی پلیٹ ہے۔
مین ہٹن کے مشرق میں واقع ریستوران نے اپنی مہنگی ترین فرائز کا اعلان ’قومی فرنچ فرائیز ڈے‘ کے موقع پر کیا ہے۔ لیکن اس ڈش میں بہت نایاب اور قیمتی ترین اجزا شامل کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کا مہنگا ترین برگر، قیمت ساڑھے نو لاکھ روپے سے زائد
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس میں پرانا سرکہ خاص قسم کے چپربیک آلو، ٹرفل آئل اور نمک، پنیر، مکھن، آزاد بطخوں کے انڈے اور آزاد گائے کے دودھ کر کریم، سوئٹزرلینڈ کا بہترین پنیر شامل کرکے اس پر 32 قیراط سونے کا ورق چڑھایا گیا ہے جسے کھایا جاسکتا ہے۔
سرینڈیپیٹی تھری نے کہا ہے کہ اگر آپ فرائز کھانا چاہتے ہیں تو پہلے اس کا آرڈر دے کر بکنگ کرانا ہوگی۔ ریستوران کے پاس دنیا کی سب سے مہنگی آئس کریم اور سب سے بڑے شادی کیک بنانے کا اعزاز بھی ہے۔ اس کے علاوہ نصف درجن دیگر اعزازت بھی اپنے نام کررکھے ہیں۔