سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک شخص قرنطینہ سے نکلنے کیلئے ہوٹل کی چوتھی منزل سے بیڈ شیٹس کو رسی کی طرح باندھ کر فرار ہو گیا۔
پرتھ پولیس کے مطابق برسبین سے فلائٹ کے ذریعے ویسٹ کوسٹ پہنچنے والے مسافر کو کورونا کی کڑی شرائط کے سبب ریاست میں داخلے سے روک دیا گیا۔ ساتھ ہی اسے 48 گھنٹے کے اندر اندر سٹیٹ چھوڑنے کی ہدایت دی گئی۔
حکام نے اس کو ہوٹل منتقل کر دیا جہاں اسے چوتھی منزل پر موجود مخصوص کمرے میں قرنطینہ کر دیا گیا مگر حیرت انگیز طور پر رات 1 بجے وہ فرار ہو گیا۔ اس نے فرار کیلئے بیڈ شیٹس کو رسی کی طرح ایک دوسرے سے باندھا اور ہوٹل سے باہر نکل کر غائب ہو گیا۔ پولیس نے 8 گھنٹے کی محنت کے بعد مفرور شخص کو کورونا ہدایات پر عمل نہ کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا۔ حکام نے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی نہ ہی مفرور شخص نے قرنطینہ سے فرار ہونے کی کوئی توجیہ پیش کی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں قرنطینہ سے فرار کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، رواں ماہ قرنطینہ سے بچنے کیلئے کیرنز کے شمال مشرقی علاقے سے ایک خاتون 2 منزلہ عمارت سے کود گئی تھی۔