اڑیسہ: (ویب ڈیسک) بھارتی پولیس نے دور جدید میں بھی پیغام رسانی کیلئے کبوتروں کی تربیت شروع کر دی ہے جس کا مقصد قدرتی آفات میں رابطے ختم ہونے پر ان سے پیغام رسانی کا کام لینا ہے۔
کبوتروں کے ذریعے پیغام رسانی ایک قدیم اور طویل عرصہ تک رائج رہنے والا طریقہ کار ہے، برصغیر پاک و ہند میں برطانوی دور حکومت کے دوران بھارتی ریاست اڑیسہ کے ایک پولیس سٹیشن میں پیغام رساں کبوتر استعمال کیے جاتے تھے جو اب بھی یہاں ایک یادگار روایت کے طور پر موجود ہیں۔
اس حوالے سے ضلع کٹک کے آئی جی پولیس ستیش کمار کا کہنا ہے کہ ہم نے اس مقصد کیلئے 100 کے قریب بیلجیئم کے ہومر کبوتر آنے والی نسلوں کیلئے رکھے ہیں، اس نسل کا کبوتر 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑ کر 800 کلومیٹر تک فاصلہ طے کرسکتا ہے، یہ کبوتر گزشتہ 40 برس سے آزمائش پر کامیابی سے پورا اترے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ صدی کے آخری سال ایک خوفناک طوفان سے ریاست اڑیسہ کے کئی علاقے زیر آب آ گئے تھے، زمینی رابطے منطقع ہونے اور جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کبوتروں نے پیغام رسانی میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کے بعد سے ان کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے۔