نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں شہد کی مکھیوں کے جھنڈ نے جہاز کے سامان کے دروازے پر اپنا راج جما لیا جس سے طیارے کی روانگی میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہو گئی۔
بھارت کے شہر سورت سے جے پور جانے والی پرواز ایک گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئی، ایئر بس اے 320 طیارہ جو سورت سے 4:20 بجے روانہ ہونے والا تھا، آخرکار 5:26 پر روانہ ہو سکا۔
تمام مسافر طیارے میں سوار ہو چکے تھے اور ان کا سامان جہاز میں لادنے کا عمل جاری تھا جب اچانک مکھیوں کا جھنڈ سامان کے دروازے پر آ بیٹھا، اس صورتحال کی وجہ سے ایئرپورٹ سٹاف میں بے چینی پھیل گئی کیونکہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ان مکھیوں کو کس طرح وہاں سے ہٹایا جائے۔
مکھیاں بھگانے کے لیے دھواں استعمال کیا گیا، لیکن جب وہ ناکام ہو گیا، تو فائر ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی، فائر انجن فوراً رن وے پر پہنچا اور سامان کے دروازے پر پانی کی دھار چھڑکنے کا عمل شروع کر دیا جس سے مکھیاں اپنا مقام چھوڑ کر چلی گئیں اور طیارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔
یاد رہے کہ دس سال پہلے ماسکو میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب شہد کی مکھیوں نے طیارے پر قبضہ جما لیا تھا۔