ایسا پرتعیش اور خوبصورت جزیرہ جہاں انسانوں سے زیادہ بلیاں آباد

Published On 08 October,2025 09:01 am

بارسلونا: (ویب ڈیسک) سیاحت کیلئے مشہور اور منفرد حیثیت رکھنے والے یورپی ملک سپین میں ایک ایسا خوبصورت اور پرتعیش جزیرہ بھی موجود ہے، جہاں انسانوں سے زیادہ بلیاں آباد ہیں اور خشکی سے زیادہ پانی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایلیکانتے کے قریب واقع نیوا تبارکا سپین کا سب سے چھوٹا آباد جزیرہ ہے، جہاں صرف 50 لوگ رہتے ہیں۔

مذکورہ جزیرہ 1800 میٹر لمبا اور 400 میٹر چوڑا ہے، اس کی قدرتی خوبصورتی اور تاریخی ورثہ اسے خاص بناتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ 18ویں صدی میں تیونس کے تبارکا سے آئے جنووا کے لوگوں کو یہاں بسایا گیا تھا، تقریباً نصف صدی قبل 1986 میں اسے سپین کا پہلا سمندری تحفظ والا علاقہ بنایا گیا، یہاں گرمیوں میں ہزاروں سیاح آتے ہیں لیکن سردیوں میں یہ سنسان ہوتا ہے۔

تبارکا کی گلیاں صاف اور پرسکون ہیں اور یہاں بلیوں کی تعداد انسانوں سے زیادہ ہے۔

جزیرے پر ایک تاریخی لائٹ ہاؤس، قبرستان اور ایک قلعہ نما ٹاور بھی ہے، ایلیکانتے کی بلند عمارتیں افق پر نظر آتی ہیں لیکن تبارکا اپنی سادگی اور انسانی پیمانے کی وجہ سے منفرد اہمیت رکھتا ہے۔