بالٹی مور: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کے پولیس اہلکاروں نے ایک ہائی سکول کے طالب علم کو اس وقت گھیر کر ہتھکڑیاں لگا دیں جب ایک مصنوعی ذہانت کے آلے نے اس کے چپس کے پیکٹ کو ہتھیار سمجھ لیا۔
بالٹی مور میں 16 سالہ تکی ایلین کین ووڈ ہائی سکول میں فٹ بال کی پریکٹس کے بعد اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھے کہ اچانک مسلح پولیس اہلکار اس کی طرف بڑھنے لگے۔
ایلین نے بتایا کہ تقریباً آٹھ پولیس کی گاڑیاں ہمارے پاس آ کر رک گئیں، شروع میں تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ وہ کہاں جا رہے ہیں، پھر میں نے دیکھا کہ وہ میری طرف بندوقیں تانے آ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں زمین پر لیٹ جاؤ، جس پر میں نے کہا: کیا؟
طالب علم نے کہا کہ انہوں نے مجھے گھٹنوں کے بل بیٹھنے کو کہا، میرے ہاتھ پیٹھ کے پیچھے رکھوائے اور ہتھکڑیاں لگا دیں، پھر انہوں نے میری تلاشی لی اور معلوم ہوا کہ میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔
ایلین نے بتایا کہ اس کے بعد پولیس کو وہ ڈوریٹوز کا پیکٹ ملا جو وہ کچھ دیر پہلے کھا رہے تھے، میں نے دونوں ہاتھوں سے ڈوریٹوز چپس کا ایک پیکٹ پکڑ رکھا تھا اور ایک انگلی باہر نکلی ہوئی تھی، پولیس نے کہا کہ یہ بندوق جیسا لگ رہا تھا۔
سکول کی پرنسپل کیٹ سمتھ نے والدین کو لکھے گئے ایک خط میں بتایا کہ سکول انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ سکول کی حدود میں کوئی شخص ہتھیار لیے ہوئے ہو سکتا ہے۔
پرنسپل کے مطابق میں نے اپنے سکول کے سکیورٹی افسر سے رابطہ کیا اور انہیں یہ اطلاع دی، انہوں نے مزید مدد کے لیے مقامی پولیس سٹیشن سے رابطہ کیا۔
بالٹی مور کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو ایک مشتبہ شخص کے پاس ہتھیار ہونے کی اطلاع ملی تھی، لیکن تلاشی کے بعد یہ طے پایا کہ اس شخص کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا۔



