نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں 18 قیراط سونے سے تیار کیا گیا کموڈ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد میں فروخت ہوگیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق سونے سے بنا کموڈ اطالوی وژیول آرٹسٹ ماریزیو کیٹیلان نے تیار کیا ہے، بولی میں سونے سے تیار کموڈ امریکا کے مشہور برانڈ نے لیا ہے، 223 پاؤنڈ وزنی یہ ٹوائلٹ 2016ء میں تیار کیا گیا تھا اور رواں ماہ اسے بریور بلڈنگ میں نصب کیا گیا جہاں لوگوں کو نیلامی سے قبل اسے انفرادی طور پر دیکھنے کا موقع ملا۔
یہ سنہری ٹوائلٹ کیٹیلان کی بنائی گئی 3 تخلیقات میں سے ایک ہے، اس کموڈ کو اٹلی کے فنکار ماوریزیو کیٹیلن نے 2016ء میں بنایا تھا، اسے 2016-2017 میں نیویارک کے گوگن ہائیم میوزیم میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا تھا، اس طرح کا ایک اور فن پارہ 2019ء میں برطانیہ کے بلین ہائم پیلس سے چوری ہونے کے بعد دوبارہ خبروں میں آیا، یہ نیلامی اس فن پارے کے واحد بچ جانے والے نسخے پر مشتمل ہے۔
خیال رہے کہ ماوریزیو کیٹیلن اپنے فن پاروں کیلئے مشہور ہیں جو اس بات کی جانچ کرتے ہیں کہ فن کیا ہے اور اس کی قیمت کیسے لگائی جاتی ہے، ان کا دیوار پر ٹیپ سے چپکایا ہوا کیلا ’کومیڈین‘ 2024ء میں تقریباً 62 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔



