غوطہ سے باغی اور ان کے خاندانوں کا انخلا مکمل

Last Updated On 25 March,2018 10:24 am

دمشق (دنیا نیوز ) شامی حکومت اور باغیوں میں معاہدہ طے پا گیا، مشرقی غوطہ سے باغی اور ان کے خاندان شہر سے نکل گئے، کامیابی پر دارالحکومت دمشق میں جشن منایا گیا اور فوجیوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔

شام میں باغیوں کے آخری گڑھ مشرقی غوطہ میں صدر بشار الاسد اور روسی اتحادی افواج کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، قصبے عربین سے باغی گروپ فیلق الرحمان کے جنگجو فضائی حملے روکنے کے بدلے میں قصبہ خالی کر گئے۔

سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق پانچ ہفتے سے مشرقی غوطہ پر شامی اور روسی افواج نے تباہ کن بمباری کی، باغی گروپ فیلق الرحمان نے فضائی حملوں میں شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے اپنے زیر قبضہ دو میں سے ایک قصبے عربین کو خالی کر دیا۔ معاہدہ طے پا جانے اور جنگ بندی کی خوشی میں شامی فوج نے دارالحکومت دمشق میں جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔