دمشق: (دنیا نیوز) سرکاری میڈیا کے مطابق آخری باغی گروپ نے بھی معاہدے کے بعد شہر چھوڑ دیا، باغیوں کو اہلخانہ سمیت شمالی شہر جرابلس روانہ کر دیا گیا۔
کئی ہفتوں کی خونریز لڑائی کے بعد بالاخر شامی فوج نے مشرقی غوطہ کا کنٹرول سنبھا لیا۔ شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اہم قصبے دومہ پر قابض آخری باغی گروپ نے بھی محفوظ راستہ ملنے پر شہر چھوڑ دیا۔
جنگجوؤں اور ان کے اہلخانہ کو سرکاری بسوں میں شمالی شہر جرابلس روانہ کر دیا گیا جو ابھی تک باغیوں کے قبضے میں ہے۔ مشرقی غوطہ پر 2012ء سے چار مختلف باغی گروپس قابض تھے، جن کے خلاف شامی فوج گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے کارروائی کر رہی تھی۔ 18 فروری سے جاری لڑائی میں 1600 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔