امریکا کا ایران پر تاریخ کی بد ترین پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

Last Updated On 21 May,2018 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ کی ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایرانی معیشت اپنی موت آپ مر جائے گی، پابندیوں سے بچنے کے لیے شام سے فوجی انخلا سمیت بارہ مطالبات ایران کے سامنے رکھ دیے۔

خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو کے دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے 12 مطالبات ایران کے سامنے رکھ دیے، پومپیو کے مطابق پابندیوں سے بچنے کے لیے ایران کو شام سے مکمل فوجی انخلا کرنا ہو گا۔ ایران میں قید تمام امریکی شہریوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ لبنانی جماعت حزب اللہ سے لا تعلقی، اور یمن کے حوثی باغیوں کی حمایت سے دستبردار ہونا پڑے گا۔

اس کے علاوہ، یورینیم کی افزدوگی بند کرنا، ایٹمی پروگرام دوبارہ شروع نہ کرنے کی یقین دہانی اور عالمی مبصرین کو تمام ایٹمی تنصیبات تک رسائی دینا بھی امریکی مطالبات میں شامل ہیں۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں پومپیو نے دنیا بھر میں پھیلے ایران کے جاسوسوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی دھمکی بھی دی ہے۔