افغان حکومت نے طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کر دیا

Last Updated On 07 June,2018 08:55 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نے اعلان کیا ہے کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی 27ویں رمضان سے عیدالفطر کے 5ویں روز تک رہے گی۔ ادھر طالبان ترجمان نے کہا ہے کہ ان کی اعلی قیادت افغان حکومت کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے اعلان کا جائزہ لے رہی ہے۔

افغان حکومت نے عیدالفطر کے پیشِ نظر طالبان کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی 27ویں روزے سے لے کر عیدالفطر کے 5ویں روز تک رہے گی۔

اب تک طالبان کی جانب سے افغان صدر کی جنگ بندی کی پیشکش کا جواب نہیں دیا گیا۔ طالبان ترجمان نے بتایا کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت افغان حکومت کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے اعلان کا جائزہ لے رہی ہے۔

افغان صدر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت نہ صرف علمائے کرام کے دہشت گردی کے خلاف فتوے کی متفقہ طور پر حمایت کرتی ہے بلکہ سیز فائر کی تجاویز کی بھی حمایت کرتی ہے۔

 

بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت نے سیکیورٹی اداروں کو طالبان پر حملہ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ داعش القاعدہ اور دیگر عالمی دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ فروری میں افغان صدر اشرف غنی نے ملک میں امن کو بحال کرنے کے لیے امن مذاکرات کا منصوبہ بنایا تھا جس میں طالبان کو بالآخر ایک سیاسی جماعت تسلیم کرنا تھا۔