ٹرمپ کی ایران سے تجارت کرنیوالی یورپی کمپنیوں پر پابندی کی دھمکی

Last Updated On 02 July,2018 07:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، یورپ، ایران اور تیل پیدا کرنے والے ممالک پر برہم ہو گئے۔ ایران سے تجارت کرنے والی یورپی کمپنیوں کو پابندی لگانے کی دھمکی دے دی، کہتے ہیں اوپیک ممالک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساز باز کر رہے ہیں۔

امریکی صدر کی تجارتی جنگ لفظی جنگ میں بدل گئی، امریکی ٹی وی کو انٹر ویو میں صدر ٹرمپ ، یورپ ، ایران اور تیل پیدا کرنے والے ممالک پر برس پڑے، کہتے ہیں یورپ بھی چین سے کچھ کم برا نہیں ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین بھی ممکنہ طور پر اتنا ہی برا ہے جتنا چین ، تھوڑا کم سمجھ لیں۔ انہوں نے ہمارے ساتھ جو کیا وہ خوفناک ہے۔ وہ اپنے کسانوں کا تحفظ کر رہے ہیں لیکن ہم اپنے کسانوں کا تحفظ نہیں کر رہے۔

انہوں نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والی یورپی کمپنیوں پر پابندی لگانے کی دھمکی دے دی، اوپیک ممالک کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان میں سے اکثر ممالک کی سیکیورٹی امریکہ کے ذمے ہے، اس کے باوجود وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساز باز سے کام لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی تھی لیکن آج بھی تیل کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ نہیں دیکھا گیا۔