غار میں امدادی سامان لیجانے والا غوطہ خور ہلاک

Last Updated On 06 July,2018 10:58 am

بنکاک (دنیا نیوز ) تھائی لینڈ میں غار میں پھنسے بچوں کو امدادی سامان پہنچانے والا غوطہ خور آکسیجن میں کمی کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ آج سے بارشیں شروع ہونے کی وجہ سے بچوں کو بچانے میں چار ماہ تک لگ سکتے ہیں۔

تھائی لینڈ میں غار میں پھنسے بچوں اور ان کے کوچ کی مشکلات بڑھنے لگیں۔ بچوں تک امدادی سامان پہنچانے والا اڑتیس سالہ غوطہ خور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ سمرن کنان کی ہلاکت نے ریسکیو آپریشن کے خدشات بڑھاد ئیے۔ ادھر تھائی لینڈ میں آج سے مون سون کی بارشیں شروع ہو رہی ہیں جس کے بعد ریسکیو آپریشن روکنا پڑسکتا ہے۔

بارشوں کی وجہ سے غار میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگا۔ بچوں کوچار ماہ تک اسی جگہ رکنا ہوگا۔

صوبائی گورنر کا کہنا ہےکہ بچوں کو بچانے کے لیے انہیں پانی سےلڑنا ہوگا۔ انیس بڑے پمپس کی مدد سے غار سے پانی کی سطح کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔