نیویارک (دنیا نیوز ) ٹرمپ انتظامیہ نے دو ہزار بیس تک ملٹری سپیس فورس قائم کرنے کا ہدف مقرر کرلیا، نائب صدر مائیک پنس کہتے ہیں روس اور چین مدار میں جدید کارروائیاں کررہے ہیں، خلا میں امریکا کی برتری کو یقینی بنانے کے لیے نئی سپیس فورس کے قیام کا وقت آ گیا ہے۔
زمین، سمندر، صحراؤں کے بعد خلا نیا میدان جنگ ہوگا، امریکا نے روس اور چین سے مقابلے کے لیے 2020 تک سپیس فورس قائم کرنے کا ہدف مقرر کرلیا، پینٹاگون میں خطاب میں امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا روس اور چین تیزی سے خلا میں برتری حاصل کرنے کی جانب گامزن ہیں، جلد ہمارے خلائی نظام کو وہ خطرہ لاحق ہو گا جو اس سے قبل نہیں ہوا، وقت آگیا ہے کہ سپیس فورس قائم کی جائے۔
پینس کی تقریر کے بعد صدر ٹرمپ نے خلائی فوج سے متعلق ٹویٹ کر دیا، وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو معلوم ہے کہ خلا قومی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔ ادھر روس اور چین بھی جدید ترین ہتھیار بنا چکے ہیں، روس پہلے ہی خبردار کرچکا ہے کہ امریکا نے خلائی ہتھیاروں کی دوڑ شروع کی تو روس بھی پیچھے نہیں رہے گا۔