شدید لڑائی کے بعد غزنی کی اہم سرکاری عمارتوں پر طالبان کا قبضہ

Last Updated On 10 August,2018 06:05 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے شہر غزنی میں پر طالبان نے دھاوا بول دیا، جنگجوؤں نے اہم سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا ہے، افغان فورسز نے طالبان کو شہر سے نکال باہر کرنے کے لیے جوابی کارروائی شروع کر دی۔ افغان فورسز کو امریکی افواج کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔ آخری اطلاعات تک شہر میں شدید لڑائی جاری ہے۔

افغانستان کے پارلیمانی انتخابات قریب آتے ہی طالبان کی کارروائیوں میں بھی بے پناہ تیزی آئی ہے۔ کابل کے جنوب میں واقع اہم شہر غزنی پر طالبان نے دھاوا بول دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگجوؤں نے اہم سرکاری عمارتوں پر قبضہ جما لیا ہے۔ افغان فورسز نے قبضہ چھڑانے کے لیےجوابی کارروائی شروع کی ہے جنہیں امریکی فورسز کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔

کابل کے قریب واقع ہونے کے باعث غزنی شہر کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کا حملہ اچانک تھا، شہر کا قبضہ جلد ہی چھڑوا لیا جائے گا۔

ادھر طالبان نے بھی غزنی میں کیے گئے حملے کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں اور طالبان کی جانب جاری بیان میں اس حملے میں متعدد افغان فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ جنگجو نے شہر کے اہم مقامات پر قبضہ کر لیا ہے اور چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔

حالیہ کچھ عرصے میں افغانستان میں طالبان کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔ افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ کچھ عرصے سے طالبان اپنی حکمتِ عملی کو تبدیل کرتے ہوئے شہری علاقوں میں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔