واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بد ترین قوانین کے ہوتے ہوئے بھی ہم بہترین کام کر رہے ہیں، میرا گناہ صرف یہ ہے کہ میں نے ہیلری کلنٹن کو ہرا دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود کو ناگزیر سمجھنے لگے، کہتے ہیں ان کا مواخذہ کیا گیا تو اسٹاک مارکیٹ کریش ہو جائے گی۔ فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں اسٹاک مارکیٹ مسلسل اوپر جا رہی ہے، جو کریش کر گئی تو سارے سرمایہ کار غریب ہوجائیں گے، ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ہیلری کو ہرانا ان کا سب سے بڑا گناہ بن گیا جو ڈیموکریٹس ابھی تک ہضم نہیں کر پا رہے۔
امریکی سسٹم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےانہوں نے کہا کہ بدترین قوانین کے باوجود وہ بہترین کام کر رہے ہیں، ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے ان پر انتخابی مہم فنڈ کے غلط استعمال کا الزام لگایا ہے جبکہ ٹرمپ ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔