سعودی عرب: عمرہ زائرین کو کسی بھی شہر میں جانے کی اجازت

Last Updated On 18 September,2018 05:38 pm

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی وزارت حج اور عمرہ امور کےمطابق تیس روزہ ویزے پر آئے عمرہ زائرین کسی بھی سعودی شہر جاسکتے ہیں تاہم انہیں اپنی اس ایک ماہ کی مدت میں سے پندرہ دن الحرمین الشریفین میں گزارنا ہونگے۔

وزارت حج اور عمرہ امور کے انڈر سیکریٹری عبدالعزیز وزان نے بتایا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں دنیا بھر سے ایک ہزار سے زیادہ زائرین عمرہ کی مملکت میں آمد ہوئی ہے اور گذشتہ چار روز میں عمر ے کے 25 ہزار سے زیادہ ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

عبدالعزیز وزان نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس سال عازمین عمرہ کی تعداد پچاسی لاکھ تک پہنچ جائے گی اور عمرہ سیزن شوال المکرم کے اختتام تک جاری رہے گا۔گذشتہ سال کے دوران میں عمرہ کے لیے سعودی عرب آنے والے عازمین کی تعداد ستر لاکھ سے کچھ زیادہ رہی تھی۔سعودی عرب کے فراہم کردہ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق مناسکِ حج کی ادائی کے بعد مدینہ منورہ میں آنے والے زائرین کی تعداد 770704 تک پہنچ گئی ہے۔ مدینہ میں حج کمیٹی کے یونٹ برائے میڈیا اور سوشل کمیونیکشن نے بتایا ہے کہ اس وقت مدینہ منورہ میں مقیم زائرین کی تعداد 175878 ہے۔