واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان اور امریکا کا ملکر کام کرنا جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے ناگزیر ہے، اسلام آباد افغان مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ ملاقات میں مسائل حل کرنے کیلئے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا۔
واشنگٹن میں پاک امریکی وزرائے خارجہ ملاقات کے حوالے سے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور امریکی سیکرٹری مائیک پومپیو کے درمیان ملاقات 5 ستمبر کو ہونے والی بات چیت کا ایک تسلسل تھا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مائیک پومپیو نے پاکستان اور امریکا کے ملکر کام کرنے کی فوائد پر بات چیت کی، امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ نے کہا کہ پاکستان مذاکرات سے افغان مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کا ملکر کام کرنا جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق مائیک پومپیو نے اتفاق کیا کہ افغان امن مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کیلئے ماحول سازگار ہے، افغان طالبان کو مذاکرات کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان اور امریکی وزیرخارجہ نے افغانستان سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے روابط برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر مثبت ڈائیلاگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔