صنعا: (دنیا نیوز) یمن میں جاری جنگ شدت اختیار کر گئی، حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان تازہ جھڑپوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 150 افراد ہلاک ہو گئے۔
یمن کی اہم بندرگاہ حدیدہ کے حصول کے لیے حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ حکومتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ 43 حوثی باغیوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ تاہم مجموعی طور پر 150 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
جنگ کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جنگ زدہ علاقوں میں قحط جیسی صورتحال کے باعث درجنوں بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے خوراک اور ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کے باعث انسانی المیہ جنم لینے کے حوالے سے وارننگ جاری کر رکھی ہے۔