غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی فورسز کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تدفین کر دی گئی۔ جنازے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تدفین کر دی گئی ہے جس میں ایک جم غفیر نے شرکت کی۔ فلسطین کے سابق وزیر اعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل حانیہ کا کہنا ہے کہ "کہ اب یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اسرائیلی قبضہ مجرمانہ اقدام ہے جسے ہمارے ہیروز روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یہ ایک کھلی جنگ ہے جو ہمارے اور صیہونی حکومت کے درمیان ہے۔ جسکی تمام تر ذمہ داری صیہونی حکومت پر عائد ہوتی ہے"۔
واضح رہے کہ غزہ میں کشیدگی پھر عروج پر ہے، اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ سے حماس کے کمانڈر سمیت 7 افراد شہید ہو گئے تھے۔
اسرائیلی فورسز نے خان یونس کےعلاقے میں گھس کر حماس کے کارکنوں پر فائرنگ کی۔ عینی شاہدین کےمطابق اسرائیلی طیاروں نے بمباری بھی کی۔
حماس کے ترجمان نے کارروائی کو اسرائیل کا بزدلانہ حملہ قرار دیا ہے۔