ریاض: (دنیا نیوز) سعودی حکام نے خشوگی قتل میں ملوث پانچ ملزمان کے لیے عدالت سے سزائے موت کا مطالبہ کر دیا۔ سعودی اٹارنی جنرل کے مطابق گیارہ مشتبہ افراد میں سے پانچ براہ راست قتل میں ملوث تھے۔
سعودی عرب نے خشوگی کے قتل میں ملوث گیارہ میں سے پانچ ملزمان کو سزائے موت دینے کی سفارش کر دی۔ سعودی اٹارنی جنرل نے ریاض میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ملزمان خشوگی کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں، اس لیےعدالت سے ان کے لیے سزائے موت کی استدعا کی گئی ہے۔
سعودی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ خشوگی کو مہلک انجکشن کے ذریعے موت کی نیند سلا دیا گیا اور ان کی لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے سعودی قونصلیت کی عمارت سے باہر منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ خشوگی کا قتل ترکی میں ہوا ہے اور تمام واقعات کا ترکی سے براہ راست تعلق ہے، اس لیے ملزمان پر مقدمہ بھی ترکی میں ہی چلنا چاہیے۔ انہوں نے مقتول کی باقیات بھی منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔