کیلیفورنیا: جنگلات میں لگی آگ بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد 44 ہو گئی

Last Updated On 15 November,2018 09:45 pm

کیلیفورنیا : (دنیا نیوز) سپرپاور بے بس، امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، ہلاک افراد کی تعداد چوالیس ہو گئی۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں جنگلات کی آگ کئی گھروں کو جلا کر خاک کر دیا اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 44 تک پہنچ گئی جب کہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

کیلیفورنیا میں تین مقامات پر جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے جس نے شہری آبادی کو بھی لپیٹ میں لے رکھا ہے، تیز ہواؤں کے باعث فائر فائٹنگ عملے کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ریسکیو عملے کو شمالی علاقے سے گزشتہ روز 6 اور آج مزید 13 افراد کی لاشیں مل گئیں جس کے بعد ریاست بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیمپ فائر کی آگ ایک لاکھ 17 ہزار ایکڑ تک پھیلی ہوئی ہے جس کی لپیٹ میں آ کر 7 ہزار عمارتیں اور مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔کیمپ فائر کو ریاست کی تاریخ کی بدترین آگ قرار دیا جا رہا ہے جب کہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہے۔

کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات و فائر پروٹیکشن کے مطابق جمعرات 8 نومبر کو پیراڈائز ٹاؤن میں لگنے والی آگ نے اب تک ایک لاکھ 9 ہزار ایکڑ سے زائد علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 6 ہزار 400 سے زائد رہائشیوں کی املاک کو نقصان پہنچا۔