یورپی ممالک کا اپنی فوج بنانے کا عندیہ

Last Updated On 13 November,2018 09:45 pm

برلن: (دنیا نیوز) یورپ کو اپنی فوج کی ضرورت محسوس ہونے لگی، فرانسیسی صدر میکرون کے بعد جرمن چانسلر نے بھی ارادے ظاہر کر دیے، اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے فرانسیسی ہم منصب کی تجویز کا برا مناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا جنگ میں نہ آتا تو فرانس جرمنی کے قبضے میں ہوتا۔

فرانسیسی صدر میکرون کے بعد جرمن چانسلر انگیلا مرکل نے بھی یورپی فوج بنانے کا عندیہ دے دیا۔ انگیلا کہتی ہیں کہ یورپ کی مشترکہ فوج ہو گی تو جنگ کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔

اس سے قبل فرانس کے صدر ایمنیوئل میکرون اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین یورپی فوج کی تجویز پر جاری تنازع کے بعد دونوں رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں یورپ کو اپنے دفاع کے لیے زیادہ اخراجات کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں فرانسیسی صدر کی جانب سے  امریکی، چینی اور روسی  خطرے سے نمٹنے کے لیے یورپی فوج بنانے کی تجویز کو  ہتک آمیز  قرار دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں امریکا نہ آتا تو پیرس کے باسی جرمن زبان سیکھنا شروع ہو چکے ہوتے۔