شامی فوج برسوں بعد اہم شہر منبج میں داخل

Last Updated On 28 December,2018 08:32 pm

دمشق: (ویب ڈیسک) شہر منبج برسوں تک کرد جنگجوؤں کے قبضے میں تھا۔ تاہم اب شامی فوجوں نے 6 سال بعد دوبارہ اس پر قبضہ کر لیا ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے میں چھپنے والی خبر کے مطابق شامی فوج چھ سال بعد پہلی بار 28 دسمبر کو شمالی شہر منبج میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ قبضہ کرد جنگجوؤں کی ملیشیا پیپلز پروٹیکشن یونٹس کی طرف سے کیے گئے ایک اعلان کے کچھ ہی دیر بعد عمل میں آیا۔

رواں سال ہی منبج اور اس کے نواحی علاقے سمیت شمالی شام میں کرد عسکریت پسند اپنے زیر قبضہ وسیع تر خطہ خالی کر گئے تھے۔ منبج ہی وہ بہت اہم شامی شہر بھی ہے جہاں دمشق حکومت کی مرضی یا اجازت کے بغیر ہی امریکا کی قیادت میں داعش کے خلاف بین الاقوامی عسکری اتحاد کے دستے بھی تعینات تھے۔

ان کرد جنگجوؤں کو برسوں سے امریکا کی فوجی مدد حاصل تھی لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کے بعد کہ شام سے تمام امریکی فوجی واپس آ جائیں، یہ کرد فائٹر خود کو اکیلا اور کمزور سمجھنے لگے تھے۔