کابل: (ویب ڈیسک) مغربی افغانستان میں پولیس چیک پوسٹوں پر طالبان نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 14 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔ افغان حکومت کے مطابق جھڑپ میں 15 طالبان بھی مارے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبے بدغیس میں 2 مختلف چیک پوسٹوں پر حملہ کیا گیا، صوبائی حکومت کے مطابق ان حملوں میں 14 پولیس اہلکار اور 7 حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروپ کے 7 اہلکار مارے گئے۔ دوسری جانب افغان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز سے طالبان کی جھڑپوں کے دوران 15 طالبان مارے گئے اور 10 زخمی ہوئے ہیں، حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان امن مذاکرات ہر آمادہ ہیں تاہم ان مذاکرات کے مقام کے تعین پر فریقین تنازع کا شکار ہیں۔ گزشتہ ماہ دبئی میں طالبان نمائندوں، امریکا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور پاکستان کے وفد کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہوئے تھے جس کے دوسرے مرحلے کےلئے طالبان قطر میں بات چیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ امریکہ سعودی عرب میں مذاکرات چاہتا ہے۔