بنگلہ دیش،شیخ حسینہ نے مسلسل تیسری بار وزیراعظم کا حلف اٹھالیا

Last Updated On 08 January,2019 05:00 pm

ڈھاکہ: (روزنامہ دنیا) شیخ حسینہ واجد نے مسلسل تیسری مرتبہ بنگلادیشی وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا، 30دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں حسینہ واجد کی پارٹی عوامی لیگ نے واضح برتری حاصل کی تھی۔

بنگلادیش کے صدر محمد عبدالحامد نے 71سالہ شیخ حسینہ واجد سے حلف لیا، جس کے بعد وزرا، وزرائے مملکت اور نائب وزرا سے حلف لیا گیا۔وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی کابینہ24 وزرا اور 19وزرائے مملکت سمیت 46وزرا پر مشتمل ہوگی۔انتخابات میں حکمران گرینڈ الائنس نے 96فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، اپوزیشن نے ووٹروں کو دھمکی دینے اور دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے تاہم حکمراں جماعت نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔اپوزیشن نے انتخابات کے نتائج کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔