نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیر دفاع نرملا سیتارامن سے لوک سبھا میں غلط معلومات پیش کرنے پر ثبوت پیش کرنے یا مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
پیر کو بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے لوک سبھا میں رافیل ڈیل پر بحث کے دوران ہندوستان ایئروناٹکس لمیٹڈ کو ایک لاکھ کروڑ روپے کا سرکاری آرڈردینے کے معاملے پر جھوٹ بولا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سیتارامن ایوان میں اپنے بیان کی حمایت میں دستاویز پیش کریں یا استعفی دیں۔راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ایچ اے ایل کے پاس ملازمین کی تنخواہ ادا کرنے تک کی رقم نہیں، انیل امبانی کو رافیل ڈیل دیدی گئی، اب انہیں ایچ اے ایل کے تجربہ کار ملازمین چاہئیں، تنخواہ سے محروم ایچ اے ایل کے انجینئرز پر انیل امبانی اپنی کمپنی جوائن کرنے کیلئے زور دے رہے ہیں۔