اقوام متحدہ: یمن جنگ بندی یقینی بنانے کیلئے عالمی مبصرین کی تعیناتی منظور

Last Updated On 18 January,2019 03:15 pm

صنعا: (ویب ڈیسک) یمن میں جنگ بندی یقینی بنانے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 75 عالمی مبصرين کی تعيناتی کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ مبصرین دونوں جانب سے لڑنے والی افواج کی امن معاہدے کے تحت اپنی پوزیشنز پر واپسی یقینی بنانے کے ذمہ دار ہونگے۔

اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے مطابق مبصرين جنگی حکمت عملی کے حوالے سے اہم شہر حديدہ ميں چھ ماہ تک تعینات رہیں گے جہاں وہ جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کريں گے اور متحارب فوجوں کی اپنی پوزیشنز پر واپسی کو یقینی بنائیں گے۔ یمن میں حریف حوثی قبائل اور یمنی فوج کے مابین امن مذاکرات گزشتہ ماہ منعقد ہوئے تھے جن ميں فریقین نے کئی برسوں سے جاری جنگ بند کرنے کا معاہدہ کيا تھا۔

مشرق وسطی کے اہم ملک میں لڑی جانے والی جنگ میں یمنی افواج کو سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے جبکہ حوثی قبائل ایران کے حلیف ہیں۔ ساحلی شہر حدیدہ کو یمن کے دروازے کی حیثیت حاصل ہے، اہم بندرگاہ ہونے کے ناطے دونوں فریقین میں اس شہر کے حصول کیلئے شدید جنگ جاری تھی جس میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور لاتعداد زخمی ہو چکے ہیں۔
 

Advertisement