فلپائن میں چرچ کے باہر بم دھماکے، 27 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Last Updated On 27 January,2019 09:18 pm

منیلا: (ویب ڈیسک) غیر ملکی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں سکیورٹی فورسز کے ارکان بھی شامل ہیں۔ یہ بم دھماکے فلپائن کے جنوبی حصے میں قائم ایک چرچ کے باہر ہوئے جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے کی رپورٹ کے مطابق یہ بم دھماکے صوبہ سولو کے شہر خولو میں ہوئے۔ اطلاعات ہیں کہ ہلاک ہونے والوں میں بیس شہری جبکہ سات فوجی ہیں۔ اس کے علاوہ زخمی ہونے والوں میں 61 عام شہری اور 14 فوجی شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والے افراد چرچ کے اندر اتوار کی دعائیہ عبادت میں مصروف تھے کہ دھماکا ہو گیا، اس کے بعد وہاں لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہوا تو پارکنگ میں دوسرا دھماکا ہو گیا۔

فلپائن کے پولیس سربراہ آسکر البیالدے کے مطابق کسی بھی زاویے کو فی الحال حتمی قرار نہیں دیا گیا مگر تحقیقات میں اس علاقے کے ان تمام گروپوں پر غور کیا جا رہا ہے جو خطرہ ہیں۔