کولمبیا: پولیس اکیڈمی میں دھماکے سے 21 افراد ہلاک، 68 زخمی

Last Updated On 18 January,2019 02:29 pm

بوگوٹا: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکی ملک کولمبیا کا دارالحکومت خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جب کہ 68 زخمی ہو گئے۔ حکومت نے 3 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں واقع پولیس اکیڈمی میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جب کہ 68 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد پولیس نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو فوراً قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس اکیڈمی کو نشامہ بنایا گیا۔ پولیس نے ایک گاڑی کو مرکزی دروازے پر رکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے اکیڈمی کمپاؤنڈ کی جانب رخ موڑ دیا اور بارودی مواد کو زوردار دھماکے سے اڑا دیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی میں 80 کلوگرام دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا، دھماکے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ دھماکے کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔
کولمبیئن حکومت نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک میں 3 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ کولمبین صدر نے سکیورٹی فورسز کو حملے کے ذمہ داروں کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔