نئی دہلی: (ویب ڈیسک) صحافی رام چندر چھترپتی کے قتل کیس میں ڈیرہ سچا سود ا کے سربراہ گرمیت سنگھ سمیت چار قصور واروں کو پنچکولہ کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے جمعرات کو عمر قید کی سزا سنائی۔
صحافی رام چندر چھترپتی کے قتل کیس میں ڈیرہ سچا سود ا کے سربراہ گرمیت سنگھ سمیت چار قصور واروں کو پنچکولہ کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے جمعرات کو عمر قید کی سزا سنائی۔ گرو گرمیت کو سزا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سنائی گئی۔
اس سے پہلے گرمیت سنگھ سمیت تین دیگر قصورواروں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جج کے سامنے پیش کیا گیا۔ فیصلہ سنتے ہی رام رحیم کے چہرے پر اداسی چھا گئی ۔ جج کے سامنے گرو گرمیت کے وکیل نے کم سزا کا مطالبہ کیا۔ جرنلسٹ کے خاندان کی طرف سے پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس درمیان جرنلسٹ رام چندر چھترپتی کی بیٹی شریاسی پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے آئی اور ڈیرہ سچا سودہ سربراہ گرمیت سنگھ کیلئے پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کنبے نے ایک طویل قانونی جنگ لڑی ہے اور ان کی ماں نے کافی کچھ برداشت کیا ہے۔
شریاسی نے کہا کہ وہ عدالت میں رہ کر دیکھنا چاہتی ہیں کہ جب گرو گرمیت کو سزا سنائی جائے گی، تو اس کو کیسا لگتا ہے ، لیکن عدالت میں صرف ان کے بھائی انشل چھترپتی کو ہی جانے کی اجازت دی گئی۔
یہ بھی یاد رہے کہ سکھوں کے روحانی پیشوا گرو گرمیت سنگھ کو گزشتہ سال خواتین سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد ان کے گڑھ میں فسادات برپا ہو گئے تھے۔50سالہ گرو گرمیت سنگھ کو دو خواتین کیساتھ زیادتی کیس میں مجرم قرار دے دیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ دنوں سے بھارتی پنجاب میں مظاہرے عروج پر تھے۔ جن میں 38 افراد ہلاک اور سینکڑوں لوگ زخمی ہو گئے تھے۔
ہریانہ میں فسادات کے الزام میں 900افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔سی بی اائی عدالت کے خصوصی جج جگدیپ سنگھ نے روہتک جیل میں عدالتی کاروائی کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے گرو گرمیت کو دس سال قید کا حکم سنایا تھا۔
بعد ازاں ڈیرہ سچا سودا کے مذہبی پیشوا گرو گرمیت سنگھ کی لے پالک بیٹی اور اسکی مبینہ جانشین ہنی پریت کے شوہر نے دعویٰ کیا کہ گرو گرمیت سنگھ اپنی خفیہ غار پر جہاں دیگر پر اسرار سرگرمیاں کرواتا تھا وہیں وہ بگ باس طرز کے شو بھی اس غار میں منعقدرواتا ۔
جہاں سے کسی کو باہر جانے کی اجازت نہ ہوتی تھی اور وہاں رہنے کے دوران گرو گرمیت کے مختلف احکامات کی پابندی کرنا ہوتی تھی ۔ہنی پریت کے سابق شوہر کا کہنا ہے کہ وہ بھی ایسے ہی ایک شو کا حصہ رہ چکا ہے جہاں وہ اپنی بیوی کیساتھ 28دن تک اس شو کا حصہ رہا ۔یہاں حصہ لینے والے اکثر جوڑے ہوا کرتے تھے جو گرو گرمیت کے اس شو کا حصہ بنتے تھے ۔
بعدازاں گروگرمیت سنگھ زیادتی کے بعد قتل کے مجرم بھی قرار پا چکے ہیں۔ ہریانہ کی عدالت سے سزایافتہ مجرم پر الزام تھا کہ انہوں نے بھارتی صحافی رام چندر چھترپتی کو قتل کیا اور اُن کے اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔