واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے اعلیٰ مذاکرات کار کا کہنا ہے کہ امریکا اور افغانستان کے درمیان سترہ سالہ لڑائی کوختم کرنے کےلیے امن معاہدے کے مسودے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد نے نیویارک ٹائمز کو انٹرویو میں کہا ہے کہ مجوزہ معاہدے کے تحت طالبان نے یقین دلایا ہے کہ وہ افغانستان کی سرزمین کو شدت پسندی کے گڑھ کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے اور طالبان نے القاعدہ جیسے شدت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دینے کا بھی عہد کیا ہے۔
گذشتہ ہفتے قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان چھ روز تک مذاکرات جاری رہے جن میں افغانستان میں قیام امن کیلئے اتفاق کیا گیا۔ ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک پختہ امن معاہدے کو کئی سال لگ سکتے ہیں۔