ماسکو: (روزنامہ دنیا) روسی ائیر فورس کا سپر سونک بمبار طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کے 3 ارکان ہلاک ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق روس کا بمبار طیارہ ٹی یو 22ایم تھری مانسک کے ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکا اور حادثے کا شکار ہوگیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق بمبار طیارہ آرٹیک کے علاقے میں گشت کے بعد واپس لوٹا تھا جب کہ شدید سرد موسم کے باعث حد نگاہ انتہائی کم تھی جو حادثے کی وجہ بنی۔بتایا گیا کہ لینڈنگ کے دوران زمین کے ساتھ لگتے ہی طیارے کا توازن بگڑ گیا اور طیارے کا اگلا حصہ ٹوٹ کر الگ ہو گیا جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور طیارہ جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔روسی وزارت دفاع نے حادثے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے جو حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔