نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں سیلفی کا جنون مزید تین زندگیاں نگل گیا۔ پانی پت میں چار دوستوں کی ریلوے ٹریک پر سیلفی لینے کی کوشش کے دوران ٹرین نے تین کو کچل دیا جبکہ ایک نے چھلانگ لگا کر خود کو بچایا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سیلفی لینے والے دوست ریلوے ٹریک پر مصروف تھے کہ اس دوران ٹرین کو آتے دیکھ لیا۔ ٹرین سے بچنے کی کوشش میں انہوں نے دوسرے ٹریک پر چھلانگ لگائی تو دوسری طرف سے بھی ایک اور ٹرین آ رہی تھی جس کی زد میں آ کر تین دوست چل بسے جبکہ بچنے والے نے مخالف سمت کے ٹریک کی طرف سے چھلانگ لگائی جس کی وجہ سے بچنے میں کامیاب رہا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دوستوں کا یہ گروپ پانی پت میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آیا تھا۔ مرنے والوں میں دو لڑکوں کی عمر 19 اور 18 سال تھی۔
گزشتہ سال ایک تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں 259 افراد سیلفی کے چکر میں اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 2011ء سے 2017ء کے درمیان ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں بھارت میں ہوئی۔ اس کے بعد روس، امریکہ اور پاکستان میں بھی ہلاکتیں نوٹ کی گئیں۔