واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان اور افغانستان کے لیے رکھے ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر کے فنڈز کو میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے مختص کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے درکار فنڈز دستیاب نہ ہو سکے تو ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان اور افغانستان کے لیے مختص ایک ارب پچاس کروڑ ڈالرز استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
قائم مقام امریکی سیکریٹری دفاع پیٹرک شنہان کا کہنا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر خرچ کئے جائیں گے، یہ رقم امریکا کی جانب سے مختلف پروگرامز کے لیے مختص فنڈز سے لی جائے گی۔ افغان سیکیورٹی فورسز کے فنڈ کے لیے مختص رقم میں سے 60 کروڑ ڈالر جب کہ پاکستان کے لیے مختص کوالیشن سپورٹ فنڈ سے بھی رقم لے کر میکسیکو بارڈر پر زیر تعمیر دیوار پر خرچ ہو گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مذکورہ بارڈر پر دیوار تعمیر کرنے کے فیصلے کو امریکہ اور میکسیکو سمیت دنیا بھر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔