بالاکوٹ حملے کی اجازت سے متعلق جاہلانہ بیان، مودی کی خوب جگ ہنسائی

Last Updated On 13 May,2019 03:51 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) مودی نے ایک بار پھر طنز ومزاح کا سامان پیدا کر دیا۔ بھارتی پردھان منتری نے ایئرفورس کو بادلوں اور بارش کی وجہ سے بالاکوٹ حملے کی اجازت دی۔ یہ کہنا ہی تھا کہ سوشل میڈیا کے جغادری مودی کے پیچھے ہی پڑ گئے۔ ایسے لتے لیے کہ بی جے پی کو ان کے انٹرویو کی ٹویٹ ہٹانا ہی پڑی۔ ماہرین کے مطابق ریڈار ہرموسم میں کام کرتا ہے۔

ریڈار سے بچنے کیلئے چوکیدار کا نسخہ سامنے آ گیا، انٹرویو میں مودی کے جاہلانہ بیان پر جگ ہنسائی ہونے لگی۔ بھارت میں انٹائر کلاؤڈ کور یعنی پوری طرح بادل کے پردے میں "ٹرینڈ" کرنے لگا، دلچسپ تصاویر لگا کر سوشل میڈیا صارفین نے خوب مذاق اڑایا۔

ایک شخص نے غالب کے انداز میں لکھا "جملہ ہی پھینکتا رہا پانچ سال کی سرکار میں، سوچا تھا کلاؤڈی ہے موسم، نہیں آؤں گا راڈار میں"۔ ایک اور صارف نے لکھا "سنو سڑک سے چلتے ہیں، ان کے ریڈار کو لگے گا بس آ رہی ہے"۔

اسید اویسی نے ٹویٹ کیا "سر آپ تو غضب کے ایکسپرٹ ہیں، چوکیدار ہٹا دیجیے اور ایئر چیف مارشل اور پردھان لکھیے"۔ عمر عبداللہ نے طنز کرتےہوئے کہا کہ پاکستانی ریڈار بادلوں میں داخل نہیں ہو سکتا۔ یہ فوجی حکمت عملی کی بہت ہی اہم معلومات ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کے رہنما سیتا رام نے لکھا مودی کے الفاظ شرمناک ہیں، ماہرین کے مطابق ریڈار ہرموسم میں کام کرتا ہے، بادلوں کی چادر کے پرے کی چیزوں کا بھی پتہ چلا لیتا ہے۔