بھارت میں متنازع قانون کیخلاف کئی ریاستوں میں احتجاج، پولیس فائرنگ سے 3 شہری ہلاک، درجنوں زخمی

Last Updated On 20 December,2019 09:46 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف دس ریاستوں میں احتجاج ہوا، اس دوران پولیس نے طاقت کا بھرپور استعمال کیا، فائرنگ کر کے تین شہریوں کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔

بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف شہری سیخ پا، آٹھویں روز بھی صورتحال بے قابو رہی۔ دہلی، بنگلور، کولکتہ، لکھنؤ، کرناٹکا، حیدرآباد، اترپردیش، آسام، بہار، پٹنہ اور دیگر شہروں میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

بھارتی پولیس نے احتجاج روکنے کے لیے طاقت کا بھرپور استعمال کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور آنسو گیس کے شیل پھینکے۔

مختلف ریاستوں میں کرفیو نافذ کر دیا۔ پولیس نے بارہ سو سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ انٹرنیٹ اور ایس ایم سروس بند کر دی گئی۔