لندن: (دنیا نیوز) ملکہ الزبتھ نے شاہی جوڑے کے مستقبل کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا، شہزادہ ہیری کافی عرصے سے اپنی اہلیہ کے لیے جاب تلاش کر رہے تھے، جوڑا کینیڈا میں سکونت اختیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ میگھن پہلے ہی کینیڈا پہنچ چکی ہے۔
ملکہ برطانیہ نے شاہی جوڑے کے مستقبل کے لیے اہم اجلاس پیر کو طلب کر لیا۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ اور شہزادہ ہیری کے درمیان ملاقات میں شہزادہ چارلس اور شہزادہ ولیم بھی موجود ہوں گے۔ کینیڈا سے میگھن سے بھی ٹیلی فونک گفتگو ہو گی، یہ مذاکرات اس بات کا تعین کریں گے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کے شاہی خاندان کے ساتھ مستقبل میں کیا تعلقات ہوں گے۔ ملکہ الزبتھ بھی آنے والے دنوں میں اس معاملے کا حل نکالنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن نے ڈیزنی سے معاہدہ کر لیا ہے، شہزادہ ہیری نے گذشتہ برس جولائی میں فلم پریمئیر کے دوران پروڈکشن ہاؤس کے چیف سے اپنی اہلیہ کے لیے وائس اوور آرٹسٹ کی جاب مانگی تھی، شہزادہ ہیری اور میگھن نے اعلان کیا تھا کہ وہ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور مالی طور پر خودمختار ہونے کے لیے اقدامات کریں گے۔