نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کے دارالحکومت دلی میں ایک شخص نے کرونا وائرس کے شبہ کی وجہ سے ہسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 35 سالہ بھارتی شخص سڈنی سے سفر کر کے بھارت آیا تھا جسے ایئر پورٹ حکام نے کرونا وائرس کے شبہ میں دلی کے ایک ہسپتال میں منتقل کردیا تھا۔ ہسپتال انتظامیہ نے اس شخص کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے اور ایئر پورٹ حکام کے کہنے پر اس شخص کو قرنطینہ میں رکھ دیا تھا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق بھارتی شخص کو صبح 9 بجے ہسپتال لایا گیا تھا اور جب اس کو قرنطینہ میں رکھا گیا تو اس شخص نے کرونا وائرس کے ڈر سے قرنطینہ وارڈ کا زبردستی دروازہ کھولا اور ہسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
بھارتی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ اِس شخص کا تعلق بھارت کی ریاست پنجاب سے ہے اور یہ شخص گزشتہ ایک سال سے سڈنی گیا ہوا تھا۔