ابوجہ: (دنیا نیوز) نائجیریا میں کرفیو کے باوجود مظاہرے جاری ہیں، شہریوں کی ہلاکتوں پر افریقی یونین اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تشویش کا اظہار کیا ہے، فسادات میں مرنے والوں کی تعداد 28 ہو گئی جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔
افریقی ملک نائجیریا میں حالات بدستور کشیدہ ہیں، پولیس تشدد کے خلاف کئے جانے والے مظاہرے بھی پرتشدد ہو گئے۔ دارالحکومت ابوجا سمیت دیگر شہروں میں جلاؤ گھیراؤ کے کئی واقعات ہوئے، مظاہرین بدستور سڑکوں پر ہیں۔
بڑے شہر لاگوس کی ہائی کورٹ کی عمارت کو آگ لگا دی گئی، ملٹری حکام نے فوجیوں کی طرف سے مظاہرین پر گولیاں چلانے کے الزام کو رد کر دیا۔ مظاہرین نے ہلاکتوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
لندن میں نائجیریا کے ہائی کمیشن کے سامنے بھی شہری ہلاکتوں کےخلاف احتجاج کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، عوام گذشتہ دو ہفتوں سے پولیس کی بربریت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔